عوام آئینی اور جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے موجودہ عوام دشمن نظام انتخاب مسترد کردیا، عمر ریاض عباسی
ملک بھر میں دھرنے کے شرکاء نے بدعنوانی اور خرید و فروخت کے نظام کو مسترد کر دیا ہے۔ احمد نواز انجم
عوامی تحریک کے دھرنوں نے ثابت کردیا کہ عوام موجودہ نظام انتخاب سے بیزار ہو چکے ہیں۔ اشتیاق میر ایڈووکیٹ
عوامی تحریک اسلام آباد کے دھرنے کے شرکاء سے عوامی تحریک کے رہنماؤں کے خطابات
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم نے بدعنوان، ملک دشمن اور کرپٹ نظام کے خلاف 23 دسمبر سے جدوجہد کا آغاز کیا اس کے بعد لانگ مارچ اور تاریخی عوامی دھرنا دیاگیا۔ آخر میں 17 مارچ کو لیاقت باغ میں تاریخی جلسہ منعقد ہوا اور آج الیکشن والے دن عوام نے عوامی تحریک اسلام آباد کے دھرنے میں شامل ہو کر کرپٹ سیاست کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا اور عوام نے سیاست کی بجائے ریاست کو بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کیا۔
عمر ریاض عباسی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے جو باتیں کہیں تھیں آج دوسرے لیڈر وہی باتیں کر رہے ہیں جو کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے وژن کی زندہ مثال ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری وہ لیڈرہیں جو مستقبل پر نظر رکھتے ہیں۔
احمد نواز انجم نے کہا کہ ملک بھرمیں دھرنے کے شرکاء نے بدعنوانی اور خرید و فروخت کے نظام کو مسترد کر دیا ہے، آج اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے 300 سے زائد شہروں اور مقامات پر پاکستان عوامی تحریک کے تحت فرسودہ نظام انتخاب کے خلاف پولنگ سٹیشنوں سے دور پرامن احتجاجی دھرنے دے کر ملک میں ایک نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ ان پرامن احتجاجی دھرنوں میں لاکھوں مرد، خواتین بچے اور بوڑھے اپنا آئینی اور جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے موجودہ عوام دشمن نظام انتخاب تک مسترد کر کے ملک میں انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔
اشتیاق میر ایڈووکیٹ نے کہا کہ دھرنے پرامن ہوئے اور کسی کو جبراً ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا گیا۔ پاکستان عوامی تحریک نے الیکشن سے قبل پوری قوم کو بتا دیا ہے کہ الیکشن کے نام پر فراڈ ہونے جا رہا ہے۔ 11مئی کی رات الیکشن کے نتائج پاکستان عوامی تحریک کے ویژن کی تصدیق کر دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اس موقع پر جسٹس نواز گنڈاپور، احمد نواز انجم، ملک افضل، علامہ حیدر علوی، ابرار رضا ایڈووکیٹ، مقصود عباسی، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، راجہ منیراعجاز، شاہد شنواری، غضنفر کھوکھر، غلام مصطفی نورانی، سید بشیر شاہ، غلام علی خان، ملک طاہر جاوید اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
غضنفر کھوکھر نے کہا کہ عوامی تحریک کے دھرنوں نے ثابت کردیا کہ عوام موجودہ نظام انتخاب سے بیزار ہو چکے ہیں۔ موجودہ فرسودہ نظام انتخاب غیر حقیقی اور غیر جمہوری ہے اس نے عوام کو سوائے بھوک، افلاس، بے روزگاری، دہشت گردی اور عدم تحفظ کے اورکچھ نہیں دیا۔ اس نظام کے تحت ہونیوالے الیکشنوں سے تبدیلی کبھی نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی کو انتخابی نتائج کے بعد تمام چھوٹی بڑی سیاسی جماعتیں دھاندلی کا واویلا کریں گی۔ ہر جماعت کہے گی کہ ہمارے ساتھ دھاندلی ہوئی اور ہمارے ووٹ بنک پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔